19 جون 2016 - 19:15
عراق؛ فوجی آپریشن میں درجنوں دھشتگرد ہلاک

عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے مغربی اور شمالی عراق میں دہشت گردوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ العالم ٹیلی ویژن کے مطابق عراقی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے اتوار کے روز شمالی عراق کے صوبے نینوا کے قصبے خربہ شمام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں درجنوں داعشی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

دوسری جانب عراقی فوج نے صوبہ الانبار کے شہر ہیت میں جاری آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے اسحلہ اور گولہ بارود کو تباہ کرنے کے علاوہ کم سے کم دس داعشی دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔

ایک اور اطلاع کے مطابق عراقی سیکورٹی فورس نے پناہ گزینوں کے درمیان چھپے ہوئے ایک اہم داعشی سرغنہ سامی بدویوی کو گرفتار کرلیا ہے۔

عراقی سیکورٹی فورس نے شہر فلوجہ میں داعش کے بم بنانے کے ایک اہم کارخانے کا پتہ لگانے کے بعد اس پر قبضہ کرلیا ہے۔

اسی دوران اطلاعات ہیں کہ فلوجہ کی آزادی کے آپریشن کے دوران عراقی سیکورٹی فورس نے شمال مشرقی فلوجہ میں داعش کی ایک خفیہ جیل کا پتہ لگانے کے بعد تین سو ساٹھ کے قریب عام شہریوں کو چھڑالیا ہے۔

عراقی پولیس کے سربراہ شاکر جودت نے اتوار کے روز بتایا ہے کہ فلوجہ کے اندر مختلف علاقوں کو آزاد کرانے کی کارروائی کے دوران کم سے کم تین سو سینتس داعش دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ اس کارروائی کے دوران ایک سو ستائیس اہداف کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ جبکہ داعشی دہشت گردوں کے اٹھارہ میزائلوں کو ضبط کرلیا گیا ہے اور پانچ سو سولہ دھماکہ خیز پیکٹوں کو ناکارہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سترہ عمارتوں کو بموں کو دھماکہ خیز مواد سے پاک کردیا گیا ہے۔

درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ مزید عراقی خاندان شمالی عراق کے شہر موصل سے فرار ہوکے عراقی فوج کی پناہ میں آگئے ہیں۔ عراقی حکام کے مطابق اب تک چھے سو عراقی خاندان ، پچھلے چند روز کے دوران داعش کے زیرقبصہ موصل کے نواحی علاقوں سے کوچ کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

یہ افراد ، عراقی فوج کی جانب سے موصل میں داعش کے خلاف فوجی آپریشن کے اعلان کے بعد ان علاقوں سے کوچ کرکے عراقی فوج کی پناہ میں آرہے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲